وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کے پی حکومت کو آئینی طریقہ سے نہیں گرایا جا سکتا صوبے میں گورنر راج لگانا ہے تو لگا کر دیکھ لیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ کے بعد پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر ودیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پہلے عام انتخابات میں ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا اور پھر 26 ویں آئینی ترمیم کے ذریعہ عدلیہ پر حملہ کیا گیا۔ آئینی طریقے سے کے پی حکومت کو نہیں گرایا جا سکتا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ چیلنج کرتا ہوں اگر ہماری حکومت کو گرایا تو سیاست چھوڑ دوں گا۔ اگر صوبے میں گورنر راج لگانا ہے تو یہ شوق بھی پورا کر کے دیکھ لیں۔ کسی کو تحریک عدم اعتماد لانے کا شوق ہے تو وہ بھی آزما کر دیکھ لے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت ہمارے پاس بانی پی ٹی آئی کی امانت ہے۔ اس کی ہر صورت حفاظت کریں گے۔ ہم کسی کو نہیں روکیں گے اور نہ کسی کو کہیں گے کہ ہمارے خلاف نہ جائے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں پوری پارٹی متحد ہے۔ بانی نے قوم کو ایک نظریہ اور سوچ دی۔ مخالفین سمجھتے ہیں کہ وہ دراڑ پیدا کریں گے تو یہ ان کی بھول ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے جس کو جو بھی عہدہ دیا ہے، پوری پارٹی اس پر متحد ہے۔ کوئی شخص ان کے دیے گئے عہدےکیخلاف جاتا ہے تو وہ عمران خان کے ساتھ غلط کر رہا ہے۔