وفاقی حکومت نے نجی شعبے کو پانچ لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کی اجازت دے دی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت چینی کی صورت حال پر جائزہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں طارق باجوہ، وفاقی و صوبائی سیکریٹری اور اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں چینی کی طلب و رسد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جس کے بعد کمیٹی نے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی نجی شعبے کو درآمد کرنے کی اجازت دی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چینی کی وافر فراہمی اور قیمتوں کے استحکام کے لیے درآمد کی اجازت دی گئی، اسحاق ڈار نے ہدایت کی درآمدی فیصلے پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
یہ پڑھیں: چینی جو چند دن پہلے 175روپے کلو تھی کیسے 190روپے سے تجاوز کرگئی؟
واضح رہے کہ چینی مافیا کی عوام کیخلاف سازش عروج پر ہے، چند دن پہلے ملک بھر میں 175 روپے کلو دستیاب چینی 190 روپے کلو سے تجاوز کرچکی ہے۔
بازار میں خریداری کے لیے آئے ایک بزرگ شہری کا کہنا تھا کہ بہت مہنگائی بڑھتی جارہی ہے چینی کی طرح 100 اشیا ایسی ہیں جس پر 20 روپے سے لے کر 50 روپے تک بڑھ چکے ہیں۔
ایک اور شہری نے بتایا تھا کہ میں 5 کلو چینی لینے آیا تھا مگر اب ڈھائی کلو لےکر جارہا ہوں جبکہ دکاندار کا کہنا ہے کہ چینی پیچھے سے مہنگی آئے گی تو ہمارا بھی پرافٹ اوپر چلا جائے گا۔
کراچی میں چینی مافیا اس قدر سرگرم ہے کہ اس نے فی کلو پر ایک ساتھ 10 روپے بڑھا دیے ہیں، چند دن پہلے جو چینی 175 سے 178 روپے کلو تک دستیاب تھی وہ اب 190 روپے کلو سے بھی تجاوز کرتی جارہی ہے۔