جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

آپریشن کے بعد اس خاتون کے ساتھ کیا ہوا جس سے اس کا وزن 400 کلو تک بڑھ گیا؟

اشتہار

حیرت انگیز

مصر کی ایک 60 سالہ معمر خاتون کی زندگی ایک آپریشن کے بعد سے اجیرن بن گئی ہے کیوں کہ اس آپریشن نے ان کے وزن کو 400 کلو تک بڑھا دیا ہے، اور وہ مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں۔

حجن فاطمہ گزشتہ 15 برس سے اپنے ہی جسم کے بوجھ تلے دب کر زندگی کے دن گن رہی ہیں، ان کی رہائش مصر کے شہر ’العاشر من رمضان‘ کے ایک محلے میں ہے، وہ گھر کی دیواروں ہی میں نہیں بلکہ گھر کے اندر بھی ایک کونے میں قید ہو کر رہ گئی ہیں۔

فاطمہ اپنے چار سو کلو گرام کے بے پناہ وزن کے باعث زندہ درگور ہو گئی ہیں، نہ حرکت کر سکتی ہیں، نہ سڑک دیکھتی ہیں، نہ دن کے اجالے سے واقف ہیں، تاہم کسی زمانے میں وہ ایک متحرک گھریلو خاتون تھیں، جو اپنے 7 افراد پر مشتمل خاندان کی خدمت کیا کرتی تھیں۔فاطمہ حجن مصر موٹاپا

اب انھیں اپنے گھر سے نکلے ہوئے پندرہ برس سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، وہ شدید موٹاپے کا شکار ہیں، جس نے ان کی جسمانی قوتیں ختم کر دی ہیں، وہ نہ اپنے بازو ہلا سکتی ہیں، نہ جگہ بدل سکتی ہیں۔ وہ کھاتی ہیں، نہاتی ہیں اور سوتی ہیں، سب کچھ ایک ہی جگہ پر، جس کی وجہ سے انھیں بستر کے زخم بھی لاحق ہو چکے ہیں اور وہ ڈپریشن کی بھی شکار ہو چکی ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق خاتون کی بیٹی کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ کی مشکلات کا آغاز بیس سال پہلے ہوا تھا جب ان کا وزن تقریباً 200 کلو تھا، اور وہ گھریلو کام کاج میں مصروف رہا کرتی تھیں، لیکن پھر فاطمہ نے وزن کم کرنے اور صحت بہتر بنانے کی نیت سے معدے کی تنگی کا آپریشن کروایا۔

آپریشن کے بعد پہلے تو وزن میں کمی آئی، لیکن کچھ ہی عرصے بعد پیچیدگیاں شروع ہو گئیں اور معلوم ہوا کہ آپریشن ناکام ہو چکا ہے، آپریشن کے تین ماہ بعد انھیں خون بہنے کی شکایت ہوئی، اور پھر وزن تیزی سے بڑھنے لگا، اور چار سو کلو گرام تک جا پہنچا۔ بیٹی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے ایک اور آپریشن کا مشورہ دیا ہے۔

خاتون نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’میری خواہش ہے کہ میں حرکت کر سکوں، خود اپنے کام کر سکوں، اور خدا کے حضور کھڑے ہو کر سجدہ کر سکوں۔‘‘ فاطمہ کے گھر والے مخیر حضرات سے ان کے علاج کے لیے تعاون کی اپیل کر رہے ہیں، یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ خاتون کو گھر سے اسپتال لے جانا شاید کرین کے بغیر ممکن نہ ہو سکے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں