لاہور : پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ نے اپوزیشن کے 26 ارکان کیخلاف ریفرنس تیارکرلیا، مشاورت کے بعد ریفرنس الیکشن کمیشن کو جمع کرایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی سے پی ٹی آئی ارکان کی چھانٹی کی تیاری کرلی گئی، اسمبلی سیکریٹریٹ نے اپوزیشن کے 26 ارکان کیخلاف ریفرنس تیار کرلیا۔
سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی عامرحبیب الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کریں گے۔
اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 26 معطل ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کے معاملے پر مشاورت کے لئے اسپیکر صوبائی اسمبلی ملک محمد احمد خان اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
مزید پڑھیں : پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کرنے پر 26 اپوزیشن ارکان معطل
اسمبلی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکرپنجاب اسمبلی اور سیکرٹری جنرل سینئرقانون دانوں سےمشاورت کریں گے ، ریفرنس کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قانونی مشاورت کی جائے گی، مشاورت کےبعدریفرنس الیکشن کمیشن کوجمع کرایا جائے گا۔
اسمبلی سیکریٹریٹ نے اپوزیشن کے ہنگامے سے متعلق تمام ضروری دستاویزات اور شواہد جمع کر لیے ہیں، ریفرنس میں سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا حمزہ شہباز کے خلاف فیصلہ بھی شامل کیا گیا ہے
یاد رہے اسپیکر اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ایوان میں ہنگامہ آرائی کرنے پر اپوزیشن کے 26 ارکان کو معطل کر دیا تھا اور ارکان کے اسمبلی میں داخلے پر پابندی عائد کردی تھی۔