بھارت کی ریاست اتر پردیش میں گزشتہ رات پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثے میں 4 بچوں سمیت 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل پر سوار 5 افراد کو زوردار ٹکر ماری جس سے تمام افراد شدید زخمی ہوگئے، اطلاع ملتے ہیں پولیس موقع پر پہنچی اور تمام افراد کو اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے تمام افراد کی موت کی تصدیق کردی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بھارت کی ریاست اتر پردیش میں کوتوالی شہری علاقہ میں رفیق نگر ماجد پورہ کا رہنے والا دانش اپنی دو بیٹیوں اور دو دیگر بچوں کو لے کر بدھ کی شام ایک ہی موٹر سائیکل سے تھانہ حافظ پور کے گاؤں مرشد آباد میں سوئمنگ پُل میں نہانے گئے تھے۔
رات گئے واپسی کے وقت حافظ پور تھانہ علاقے میں میرٹھ-بلند شہر ہائی وے پر پڑاؤ کے پاس مخالف سمت سے آ رہی کسی نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل کو سامنے سے زوردار ٹکر ماری، جس سے بائک کے پرخچے اڑ گئے اور بائک پر سوار پانچوں افراد شدید زخمی ہوگئے جو اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئے۔
رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ پانچوں مرنے والوں کی شناخت رفیق نگر باشندہ 36 سالہ دانش اور اس کی بیٹیاں پانچ سال کی سمائرہ، چھ سال کی ماہرہ اور سرتاج کی 8 سال کی بیٹی ثمر اور سرتاج کے بھائی وکیل کی 8 سال کی بیٹی ماہم کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس سی سی ٹی وی کے توسط سے نامعلوم گاڑی ڈرائیور کی تلاش کر رہی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی گھر والوں میں کہرام برپا ہوگیا، چار معصوم بچوں اور ایک شخص کی موت نے پورے کنبہ کو گہرے صدمے میں مبتلا کردیا۔
صومالیہ میں ملٹری ہیلی کاپٹر کریش کر گیا، متعدد ہلاک
مقامی لوگوں کے مطابق مقتول دانش اپنے کنبہ کی روزی روٹی چلاتا تھا اور اس حادثے نے اس کے کنبہ کو پوری طرح سے توڑ کر رکھ دیا ہے۔ آس پاس کے علاقے میں ماتم کا ماحول ہے اور لوگ اس غمناک واقعہ سے کافی رنجیدہ ہیں۔