اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اضافی تنخواہ لینے سے انکار کرتے ہوئے معاملہ وزیراعظم پر چھوڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق تنخواہ میں اضافے پر وزیر دفاع خواجہ آصف کی تنقید کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔
ذرائع نے بتایا خط میں اسپیکر قومی اسمبلی نے تنخواہ کا معاملہ وزیراعظم پرچھوڑدیا اور مؤقف اپنایا میرا تنخواہ سے کوئی تعلق نہیں، نہ دلچسپی ہے۔
ذرائع اسپیکرآفس کا کہنا تھا کہ تنخواہ بڑھانے کا فیصلہ وفاقی کابینہ اور وزیراعظم کا اختیار ہے، بے شک میری تنخواہ نہ بڑھائیں، میرا کوئی مطالبہ نہیں۔
ذرائع نے کہا کہ اسپیکر نے خواجہ آصف کے الزامات کا جواب دینے سے گریز کیا اور اضافی تنخواہ لینے سے انکار کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تنخواہ کے معاملے پر حتمی فیصلہ اب وزیراعظم شہباز شریف کریں گے،ذرائع
یاد رہے وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسپیکر کی تنخواہ ساڑھے 21 لاکھ ہونے پر اسے مالی فحاشی قرار دیا تھا جب کہ وزیراعظم نے بھی اس معاملے کا نوٹس لیا تھا۔