لندن / کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو جناح گراوٴنڈ کراچی آمد پر پیشگی خوش آمدید کہتے ہوئے کہاہے کہ سیاسی جماعتوں کو سیاسی ونظریاتی اختلافات رکھنے کے باوجود ایک دوسرے کیلئے برداشت کا جذبہ رکھنا چاہئیے اور کسی کو پسند ناپسند کی بنیاد پر ٹارگٹ نہیں کرنا چاہئیے۔
یہ بات انہوں نے جناح گراؤنڈ عزیزآباد میں منعقدہ میوزیکل پروگرام کے شرکاء سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ میوزیکل پروگرام میں لوگوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں خواتین اور بچوں کی تعداد نمایاں تھی۔ اس موقع پر شرکاء نے روایتی جوش وخروش کا مظاہرہ کیا اور فلک شگاف نعرے لگاکر الطاف حسین سے اپنی والہانہ عقیدت ومحبت کا اظہار کیا۔
اپنے خطاب میں الطاف حسین نے کہاکہ میں نے سنا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ایک دو روز میں جناح گراوٴنڈ کراچی تشریف لائیں گے اور شہداء کی یادگارپر شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کریں گے تو میں انہیں کراچی آمد پر پیشگی خوش آمدید کہتا ہوں ۔
الطاف حسین نے کہاکہ تمام تر سیاسی ونظریاتی اختلافات کے باوجود ہمیں ایک دوسرے کو برداشت کرنے کا جذبہ رکھنا چاہئیے اور کسی کو پسند ناپسند پر ٹارگٹ نہیں کرنا چاہیے ، اسی طرح صحت مند جمہوریت پھل پھول سکتی ہے اور ملک میں یکجہتی فروغ پاسکتی ہے ۔
الطاف حسین نے ایک مرتبہ پھر لیاقت آباد اور فیڈرل بی ایریا کے مرد حضرات سے پرزوراپیل کی کہ وہ 23، اپریل کو قومی اسمبلی کے حلقہ NA-246 کے ضمنی الیکشن میں اپنے گھرکی خواتین کیلئے خود ناشتہ تیارکرکے انہیں پہلے ووٹ کاسٹ کرنے بھیجیں اور خواتین کی گھر واپسی کے بعد خود پولنگ بوتھ جاکر ایم کیوایم کے نامز د امیدوار کے حق میں اپنا ووٹ کاسٹ کریں۔
الطاف حسین نے کہاکہ یہ حقیقت ہے کہ کوئی کسی سے زبردستی پیار کرسکتا ہے نہ زبردستی کسی سے پیارکراسکتا ہے اور نہ ہی زورزبردستی سے کسی کو پسند کرنے پر مجبور کرسکتا ہے ۔ انہوں نے سکہاکہ آج پنڈال میں موجود خواتین اور بچوں کے چہرے خوشی سے دمک رہے ہیں ، یہ خوشنما تاثرات شاذونادر ہی انسانوں کے چہروں پر نظرآتے ہیں کیونکہ انسانی زندگی میں دکھ، اذیتیں اورپریشانیاں زیادہ اور خوشیاں خال خال ہی ہوا کرتی ہیں ۔
انہوں نے مزید کہاکہ دنیا دیکھ لے کہ آج پنڈال میں موجودماوٴں ، بہنوں اوربچوں کے چہروں پرخوشی اور محبت کے یہ تاثرات صرف ان کے الطاف بھائی کیلئے ہیں جو دنیا کے کسی بھی جلسہ میں نظرنہیں آئیں گے۔
الطا ف حسین نے کہاکہ جب 23 اپریل کو پریزائیڈنگ افسر کے سامنے جب بیلٹ بکس کھلیں گے تو الطاف بھائی سے پیار کرنے والوں کے ووٹ کی پرچیاں دھوئیں داربارش کی طرح ہرڈبے سے نکلیں گی اوراس روزانشاء اللہ مجھ سے پیارکرنے والی ماوٴں، بہنوں، بزرگوں،نوجوانوں،بچوں اوربچیوں کی جیت ہوگی۔ اس جیت کے بعدلوگ سیدھے نائن زیروآئیں گے اورہم سب ملکر فتح کا جشن منائیں گے۔
انہوں نے اجتماع میں موجودمردوں سے کہاکہ آپ الیکشن والے روزگھرمیں خودناشتہ بنائیں اورپہلے بہنوں کو ووٹ ڈالنے کیلئے بھیجیں اورجب بہنیں ووٹ ڈال کرآجائیں توآپ ووٹ ڈالنے جائیں۔انہوں نے عوام سے کہاکہ مخالفین چاہے جتنے جلسے کریں انہیں کرنے دیجئے آپ اپنے کام پرتوجہ دیجئے۔
الطا ف حسین نے کہاکہ جب میں نے سیاست شروع کی تھی تویہ شعر پڑھاتھا، ان کاجوکام ہے وہ اہل سیاست جانیں… میراپیغام محبت ہے جہاں تک پہنچے انہوں نے کہاکہ صوبہ سندھ سے تعلق ہونے کے ناطے میں سندھ کے عظیم صوفی شاعر حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی کایہ شعرپڑھتاہوں۔
سائم سدائیں کریں متھے سندھ سکاردوست مٹھادلدارعالم سب آبادکریں۔
جس کاترجمہ ہے،” اے اللہ سندھ کوشاد وآبادرکھ اوراس کے ساتھ ساتھ پورے عالم کوبھی امن اورچین سے بھردے “۔ یہی پیغام ہمارا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اس علاقے میں مسلمان ہی نہیں بلکہ ہندو، سکھ، عیسائی، احمدی اورجتنے مذاہب اورعقائدکے ماننے والے رہتے ہیں وہ سب کے سب حق پرستوں کی کامیابی کیلئے دعابھی کریں گے اوردوابھی کریں گے اور23 اپریل کوپتنگ پر مہرلگانے کیلئے پولنگ اسٹیشن پہنچیں گے۔
الطاف حسین نے اجتماع میں لوگوں کومحظوظ کرنے کیلئے اپنے فن کامظاہرہ کرنے والے فنکاروں اور آرکسٹرا کو شاباش اورخراج تحسین پیش کیااوران کیلئے دعاکرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ آپ کے فن میں اضافہ کرے ، آپ کوترقی دے اورآپ کے فن میں چارچاندلگادے۔