کراچی : سندھ ایپکس کمیٹی نے صوبےمیں اسلحےکی نمائش پرپابندی عائد کرنے کافیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق
وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں فوجی عدالتوں میں مزید کیس بھجوانے پر غور کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن، چیف سیکرٹری، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور سیکرٹری داخلہ کے علاوہ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبرنے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردی کیلئےفنڈنگ کرنےوالے تمام ذرائع روکےجائیں گے،غیرقانونی اسلحہ رکھنےوالوں کےخلاف کارروائی کی جائےگی، یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ فوجی عدالتوں کےمقدمات کی بہترطریقےسےنگرانی کی جائےگی، جبکہ سندھ کےسرحدی علاقوں کی فورس کوفعال کیاجائےگا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں مدارس کی رجسٹریشن کےکام میں تیزی لائی جائےگی،غیر ملکی تارکین وطن کےخلاف مؤثرکارروائی ہوگی۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے بھی شرکت کی جس میں صوبے خصوصا کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔