کراچی : فقہ جعفریہ کی سات تنظیموں نے این اے دو سو چھیالیس کے ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر پریس کانفرنس میں فقہ جعفریہ کی سات تنظیموں نے حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل کی حمایت کا اعلان کیا۔ ان میں جعفریہ الائنس ، تحریک نفاذ جعفریہ پاکستان ، تنظیم عزادارن اور تنظیم عزا بھی شامل ہیں۔
نیوز کانفرنس میں شیعہ علماء کا کہنا تھا کہ این اے دو سو چھیالیس کے ضمنی انتخاب میں کسی تنظیم کی نہیں نظریے کی حمایت کی ہے۔ ماضی کی طرح آج بھی ہمدردیاں ایم کیوایم کےساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اہلحدیث رابطہ کونسل پاکستان کراچی نے بھی ضمنی الیکشن این اے 246کی نشست پرنامزد متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار کنو رنوید جمیل کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے ۔
یہ اعلان اہلحدیث رابطہ کونسل پاکستان کراچی کے صدر علامہ مرتضی خان رحمانی نے علمائے کرام کے ایک نمائندہ وفد کے ہمراہ خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیزآباد میں ایم کیوایم کی علماء کمیٹی کے انچارج جاوید احمد و اراکین سے ملاقات کے دوران کیا تھا۔