لاہور : یوحنا آباد چرچ دھماکوں میں ملوث دوسرے ملزم کو آؤٹ فال روڈ سے گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاہور کے علاقہ آؤٹ فال روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے یوحنا آباد چرچ دھماکوں میں ملوث ایک اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پہلے سے حراست میں لئے گئے ملزم عابد بیگ معاویہ کی نشاندہی پر آؤٹ فال روڈ پر روڈ پر چھاپہ مارا گیا جس میں دوسرے ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی۔
سیکیورٹی اداروں نے ملزم کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ اس سے قبل حساس ادارے نے بھٹہ چوک میں کارروائی کر کے سانحہ یوحنا آباد کے ملزم عابد بیگ معاویہ کو حراست میں لیا تھا۔
عابد بیگ معاویہ ڈی جی خان کا رہائشی ہے اور اس پر خودکش حملہ آووروں کو سہولت فراہم کرنے کا شبہ ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزم کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر بھی ہے۔
واضح رہے کہ لاہور کے علاقے یوحنا آباد میں چرچز پر خود کش حملوں کے بعد مشتعل مظاہرین نے 2 بے گناہ افراد کو زندہ جلادیا تھا جبکہ نجی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔