لاہور کے علاقے کاہنہ میں پولیس نے دو ڈاکو گروہوں کے سات ارکان کو گرفتارکرلیا، ملزمان سے اسلحہ، نقدی اور لوٹا ہوا سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن ڈویژن طارق عزیز اور اے ایس پی کاہنہ سید اقرار حسین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوما اور پانڈو ڈکیت گینگز متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
پولیس نے کارروائی کر کے دونوں گروہوں کے سات ارکان کو گرفتار کیا ہے جبکہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ نقدی اور لوٹا ہوا سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس افسران نے بتایا کہ ملزمان نے دوران تفتیش ڈکیتی اور رہزنی کی 18 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان ایک عرصہ سے کاہنہ اور گارڈن ٹاؤن کے علاقے میں وارداتیں کررہے تھے۔