کراچی: شہر قائد میں اندھیر نگری چوپٹ راج، گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران دوسرا شہری ڈاکوؤں کے ہاتھوں مارا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ دوسرا واقعہ اورنگی ٹاؤن اقبال مارکیٹ میں پیش آیا، جہاں ڈاکوؤں نے سامان سپلائی کرکے گزر بسر کرنے والے شہری اسماعیل کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔
غم سے نڈھال اہل خانہ نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ایک موٹرسائیکل پرتین افراد ڈکیتی کی واردات کررہےتھے، جنہوں نے اسماعیل سے بھی لوٹ مار کی اور مزاحمت پر گولی مار دی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی :ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے بیٹے کے سامنے باپ کو گولی مار دی، رقم لوٹ کر فرار
اہل خانہ کے مطابق مقتول شہری اسماعیل تین بچوں کا باپ تھا،میت گھر پر پہنچنے پر ماحول سوگوار ہوگیا۔
شہر قائد میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈاکوؤں کے ہاتھوں شہری کے قتل کا یہ دوسرا واقعہ ہے، اس سے قبل ہفتے کی شب شاہراہ فیصل عوامی مرکز کے قریب ڈاکوؤں نے مزاحمت پر عثمان نامی نوجوان کو سر پر گولی مار کر قتل کردیا تھا۔
مقتول کی دو ماہ قبل شادی ہوئی اور اُسے اتوار کو عمرے پر روانہ ہونا تھا۔
واضح رہے کہ رواں سال کےدوران اسٹریٹ کرائم میں جاں بحق افراد کی تعداد79 ہوگئی ہے۔