میرپور: کوروناوائرس کاپھیلاؤ روکنے کے لیے میرپور آزاد کشمیرمیں10دن کیلئےمکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر سول انتظامیہ نے میرپور آزادکشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن کے فیصلے پر عملدرآمد شروع کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر نے آج رات 12 سے آئندہ 10 روز کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں منگلا اور دھان گلی پل بھی بند کرنےکے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق میرپور شہر مکمل سیل ہوگا اور تمام شہریوں کو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہوگا۔
سول انتظامیہ نے شہریوں کو بلاوجہ گھروں سےنہ نکلنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہائی ضرورت کی صورت میں گھر سے نکلا جائے اور سماجی فاصلے کےساتھ ساتھ ایس اوپیز پر عملدرآمد کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے۔
اس سے قبل 12 جون کو آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے سبب ایک ہفتے کے لیے مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرکے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کیا گیا تھا۔