لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے پہلے دن سے ہی شعبہ صحت پر توجہ دی، ایسا نظام صحت لایا جا رہا ہے جہاں عام آدمی کو بھی معیاری علاج ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے اپوزیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور عوام کو شعبہ صحت سے متعلق حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ فوٹو سیشن کرنے والوں نے اپنے دور میں شعبہ صحت کا بیڑاغرق کیا، سابق دور میں اسپتالوں اور نہ ہی دینہ وبنیادی مراکز صحت پر توجہ دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ سستی شہرت کے شوقین شوبازیوں میں مصروف رہے، اپوزیشن والے شعبہ صحت کے عملی اقدامات کرتے تو علاج کے لیے باہر نہ جانا پڑتا، پراپیگنڈا کی سیاست اپوزیشن کا وتیرا ہے۔
ملک کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے: عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے یہ بھی کہا کہ منفی سیاست کو پروان چڑھانے والی اپوزیشن کی ساکھ ختم ہو چکی ہے، اپوزیشن کو پوائنٹ اسکورنگ چھوڑ کر ہوش کے ناخن لینے چاہییں۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بلوچستان کے وزیر تعلیم یار محمد رند کی ملاقات ہوئی تھی، ملاقات میں صوبوں کے درمیان تعلقات میں فروغ کے لیے باہمی رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں صوبے قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھیں گے، بلوچستان کے لوگ محب وطن اور محنتی ہیں۔ پنجاب حکومت بلوچستان کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔