بغیر خوراک کے 24 دن تک سمندر میں بھٹکنے والا شخص زندہ بچ گیا۔
47 سالہ ایلوس فرانسس کو بحیرہ کیریبین میں کولمبیا کے شہر سے 120 بحری میل دور سمندر میں بغیر خوراک کے بادبانی کشتی میں بھٹک رہا تھا جسے ایک طیارے نے سمندر میں دیکھا تھا۔
کولمبین بحریہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایلوس فرانسس نے کشتی پر لفظ ہیلپ لکھا ہوا تھا جو طیارے نے دیکھ لیا جس کے بعد اسے بچایا گیا۔
ایلوس فرانسس نے ایک ویڈیو میں بتایا کہ میرے پاس کھانا نہیں تھا بس ایک کیچپ کی بوتل، ادرک پاؤڈر اور میگی کشتی میں موجود تھے، تو میں نے ان سب کو پانی میں ملا لیا۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنی کشتی کی مرمت دسمبر میں سینٹ مارٹن جزیرے کے قریب کی تھی مگر پھر خراب موسم کی وجہ سے میری کشتی سمندر مین اتنی دور آگئی۔
ایلوس فرانسس کا کہنا تھا کہ جہاز رانی سے متعلق ناکافی معلومات کے باعث میں کشتی کو واپس ساحل پر نہیں لے جاسکا اور 24 دن تک سمندر میں بھٹکنے پر مجبور ہوگیا۔
ایلوس کا کہنا تھا کہ 24 دن تک زمین کا کوئی ٹکڑا نظر نہیں آیا، مجھ سے کوئی بھی بات کرنے والا نہیں تھا، مجھے سمجھ نہیں آرہا تھا کہ بچنے کے لیے کیا کروں، یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ میں کہاں ہوں، میں بہت مشکل وقت تھا۔
ایلوس فرانسس کو بچائے جانے کے بعد کولمبیا کے ایک شہر منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی اور پھر امیگریشن حکام کے حوالے کر دیا گیا تاکہ انہیں وطن واپس بھیجا جاسکے۔