منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

عمران خان کی زیر قیادت آج لاہور میں ریلی نکالی جائے گی

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر قیادت انتخابی مہم کے سلسلے میں آج دن دو بجے زمان پارک لاہور سے ریلی نکالی جائے گی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب میں 30 اپریل کو صوبائی اسمبلی کے شیڈول انتخابات کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے انتخابی مہم کے سلسلے میں آج ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت دن 2 بجے زمان پارک سے پارٹی چیئرمین عمران خان کی زیر قیادت ریلی نکالی جائے گی۔

ریلی نکالنے کے سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور کارکنوں میں جوش وخروش پایا جاتا ہے۔

دوسری جانب ڈی سی نے گزشتہ روز پی ایس ایل میچز کو جواز بناتے ہوئے تحریک انصاف کو ریلی نکالنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا جب کہ پنجاب حکومت نے رات گئے لاہور شہر میں دفعہ 144 نافذ کردی اور آج صبح ذرائع کے مطابق رینجرز کو بھی لاہور میں طلب کرلیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی نے پنجاب حکومت کی جانب سے لگائی جانے والی دفعہ ایک سو چوالیس کو عدالت میں چیلنج کرنے اور الیکشن کمیشن سے بھی رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

آج لاہور ہائیکورٹ میں دفعہ 144 کو چیلنج کیا جائے گا جب کہ پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد اور میاں اسلم اقبال اس کے خلاف الیکشن کمیشن پنجاب میں پٹیشن دائر کریں گے۔

پی ٹی آئی کی طرف سے الیکشن کمیشن سے ریلی نکالنے کی اجازت مانگی جائیگی اور پنجاب حکومت کی طرف سے رینجرز کو طلب کرنے کے خلاف بھی درخواست دی جائیگی۔

دوسری جانب پنجاب حکومت اور لاہور انتظامیہ کے اقدامات کے بعد عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور لیگل ٹیم کو مشاورت کے لیے زمان پارک طلب کر لیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں