تازہ ترین

پی ٹی آئی والوں کیلیے رنی کوٹ میں خصوصی جیل بنائیں گے، شرجیل میمن

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پاکستان تحریک انصاف کی ’جیل بھرو تحریک‘ پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔

شرجیل انعام میمن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی والے جیل بھرو تحریک کا بھی شوق بھی پورا کر لیں، ان کی مہمان نوازی کیلیے دادو، سکھر اور جیکب آباد جیل میں انتظامات مکمل کر لیے، اگر یہ جیلیں کم پڑیں تو رنی کوٹ میں خصوصی جیل قائم کریں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ کیا عمران خان نے لاہور میں خود گرفتاری پیش کر دی؟ وہ خود عدالتوں میں ضمانتوں کیلیے درخواستیں دائر کر رہے ہیں اور دوسری جانب قوم کے نوجوانوں کو سلاخوں کے پیچھے بھیج رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی سازشیں ہیں، عمران خان اپنے عزائم کیلیے ملک میں بے یقینی کی صورتحال برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم بلیک میلنگ کے حربہ استعمال کر رہے ہیں، ان کے لانگ مارچ، دھرنے اور تمام سازشیں ناکام ہو چکی ہیں۔

قبل ازیں وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ جن پی ٹی آئی رہنماؤں کا تعلق سندھ سے ہے اُن کیلیے بدین جیل کھول دی ہے، مچھر مار اسپرے جیل میں کروا دیا ہے پھر بھی چھپکلی، سانپوں اور کاکروچ سے ڈرنے والے سوچ سمجھ کر آئیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بدین اوپن جیل بہت بڑا ہے یہاں پی ٹی آئی کے شوقیہ قیدی کھیتی باڑی کر سکتے ہیں، بلدیاتی انتخابات میں دیوار پھلانگ کر بھاگنے والے بدین جیل میں خوش رہیں گے۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امید ہے گرفتاری دینے والے ضمانت کی درخواستیں نہیں دیں گے، عمران خان کی نااہلی کی صورت میں پی ٹی آئی کی صدارت پرویز الٰہی کریں گے۔

Comments

- Advertisement -