کراچی : قومی ایئرلائن کی آفیسرز ایسوسی ایشن ساسا نے ایئروائس مارشل عامر حیات کی بطور سی ای او تقرری خلاف ضابطہ قرار دے دی۔
تفصیلات کے مطابق نئے سی ای او کی تقرری پر قومی ایئرلائن کی آفیسرز ایسوسی ایشن ساسا کا رد عمل سامنے آگیا۔
جنرل سیکرٹری ساسا صفدر انجم نے کہا کہ عامر حیات کی تقرری ملکی اور قومی ایئرلائن کے قوانین کی خلاف ورزی ہے، اس خلاف ضابطہ تقرری کو ہر فورم پرچیلنج کریں گے۔
صفدر انجم کا کہنا تھا کہ ان کو دوبارہ پی آئی اے کا سی ای او بنانے سے ملازمین میں بے چینی ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز ایئروائس مارشل کو پی آئی اے کا قائم مقام سی ای او مقرر کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں : ایئروائس مارشل پی آئی اے کے قائم مقام سی ای او مقرر
وزیر اعظم کی منظوری کے بعد انھیں سی ای او مقرر کیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
اس سے قبل خرم مشتاق کے پاس قائم مقام سی ای او کا اضافی عہدہ تھا اور پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی سفارش پر عامر حیات کو سی ای او مقرر کیا گیا۔