بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ اداکار عامر خان یوٹیوبر بن گئے انہوں نے اپنا یوٹیوب چینل لانچ کردیا۔
بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے اپنے مداحوں کو فلم میکنگ کی باریکیوں سے روشناس کراتے ہوئے اپنا یوٹیوب چینل ’عامر خان ٹاکیز‘ لانچ کیا۔
بالی ووڈ کے 60 سالہ اداکار کی پروڈکشن کمپنی ‘عامر خان پروڈکشنز’ نے یوٹیوب چینل ’عامر خان ٹاکیز‘ کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جو انکے مداحوں کو سینما کی دنیا میں جھانکنے کا ایک نیا موقع فراہم کرے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ نیا پلیٹ فارم فلم بینوں کو پس پردہ مناظر، فلم کی تخلیق سے متعلق فیصلہ سازی کے دلچسپ پہلو اور کہانیوں کے سحر میں جکڑنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
View this post on Instagram
اداکار کے پروڈکشنز نے ایک خصوصی ویڈیو کے ذریعے اس چینل کی رونمائی کی، جس میں کہا گیا کہ ‘سینما، کہانیاں اور دلچسپ لمحات، ہم نے ایسی فلمیں تخلیق کیں جنہوں نے آپ کو ہنسایا، رُلایا اور سوچنے پر مجبور کیا، اب ’عامر خان ٹاکیز‘ کے ذریعے فلم میکنگ کی دنیا میں جھانکیے، جہاں آپ کو کہانی اور حقیقت ایک ہوتے نظر آئیں گے۔
تعارفی ویڈیو میں عامر نے اپنی دیرینہ خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ میں طویل عرصے سے فلم سازی کے سفر کو مداحوں کے ساتھ بانٹنا چاہتا تھا، اب اس چینل کے ذریعے ناظرین کو فلمی تخلیق کے پیچیدہ مراحل، ہدایت کاروں کے وژن اور فلم کے پردے پر نظر آنے والی جادوئی دنیا کے پیچھے کی حقیقتوں سے روشناس کرایا جائے گا۔
عامر خان نے بتایا کہ چینل پر نہ صرف ماہرین کی گفتگو، فنکاروں کے انٹرویوز اور فلمی تجربات پر بحث ہوگی بلکہ یہ نئے فلم سازوں اور سینما کے شوقین افراد کے لیے بھی ایک سیکھنے کا بہترین موقع ثابت ہوگا۔
اداکار کے بقول ’عامر خان ٹاکیز‘ کے ذریعے مداح اب سنیما کی دنیا کو ایک بالکل نئے زاویے سے دیکھ سکیں گے، جہاں کہانی، جذبات اور تخلیقی عمل کی حقیقی روح آشکار ہوگی۔