ممبئی: بالی وڈ سُپر اسٹارز عامر خان اور سلمان خان کی مزاحیہ فلم ’انداز اپنا اپنا‘ کو دوبارہ سینما گھروں میں نمائش کیلیے پیش کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فلم کو اپریل میں دوبارہ ریلیز کیا جائے گا، اس میں عامر خان، سلمان خان، روینہ ٹنڈن اور کرشمہ کپور و دیگر نے کردار نبھایا تھا۔
فلم کی دوبارہ ریلیز کی خبر فلموں کی کمائی کا بزنس کرنے والے تجارتی تجزیہ کار ترن آدرش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کی۔
یہ بھی پڑھیں: عامر خان کا پہلی بار بڑے پیمانے پر سالگرہ منانے کا فیصلہ
ترن آدریش نے لکھا کہ ’انداز اپنا اپنا‘ اپریل 2025 میں دوبارہ ریلیز ہونے والی ہے جس کا ٹیزر کل جاری کیا جائے گا، فلم کو 31 سال بعد دوبارہ نمائش کیلیے پیش کیا جا رہا ہے۔
مذکورہ خبر پر سوشل میڈیا صارفین انتہائی خوش نظر آئے۔ ایک صارف نے لکھا کہ یہ فلمسازوں کی جانب سے بہت اچھا اقدام ہے، یہ کلٹ کلاسک نہیں بلکہ ہر سینما سے محبت کرنے والوں کی یاد میں ہے۔
دوسرے نے لکھا کہ ری ریلیز کے تمام ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے، لوگ سیکوئل کا بھی انتظار کر رہے ہیں، سینما گھروں میں اس فلم کو دیکھنا سینما سے محبت کرنے والوں کیلیے ایک ٹریٹ ہوگا۔
’انداز اپنا اپنا‘ ہندی زبان کی کامیڈی فلم ہے جو 1994 کو ریلیز کی گئی تھی۔ فلم کو راجکمار سنتوشی نے لکھا اور ہدایتکاری کی جبکہ ونے کمار سنہا نے پروڈیوس کیا۔
اس میں عامر خان اور سلمان خان نے اپنی ناقابل فراموش دوستی سے دل جیتے۔ کامیڈی ڈرامے میں روینہ ٹنڈن، کرشمہ کپور، پریش راول، اور شکتی کپور نے بھی اہم کردار ادا کیے۔