لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ بنگلہ دیش کے لئے انڈر 19 اسکواڈ کا اعلان کردیا، اے آر وائی نیوز کی جانب سے آواز اٹھانے پر طویل قامت فاسٹ بولر عاصم علی جٹ اسکواڈ میں شامل کرلئے گئے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق قومی انڈر نائنٹین ٹیم آئندہ ماہ بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی، دورے میں ایک چار روزہ میچ اور پانچ ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی نے بنگلہ دیش کے دورے کے لئے قومی انڈر نائنٹین اسکواڈ کا اعلان کیا، قاسم اکرم، عبدالواحد بنگلزئی، حسیب اللہ، عالیان محمود اور احمد خان اسکواڈ کا حصہ ہیں، اے آر وائی نیوز کے آواز اٹھانے پر طویل قامت فاسٹ بولر عاصم علی جٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق دورے کا مقصد مستقبل کے ستاروں کو اپنی صلاحتیں نکھارنے کا موقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ آئندہ سال ویسٹ انڈیز میں شیڈول آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ کی تیاریوں میں مزید بہتری لانا ہے۔
قومی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، عباس علی، عبدالفصیح، عبدالواحد بنگلزئی، فہد منیر، معاذ صداقت، محمد عرفان نیازی، محمد شہزاد، قاسم اکرام، رضوان محمود، عالیان محمود،علی اسفند، ارحم نواب، فیصل اکرم ، حسیب اللہ اور رضا المصفطیٰ، احمد خان، عاصم علی جٹ، منیب واصف، طاہر حسین اور ذیشان ضمیر ۔
سندھ کے دیہی علاقے میرپورخاص سے تعلق رکھنے والے طویل القامت فاسٹ بولر عاصم جٹ کی عمر ساڑھے 17 سال اور ان کا قد 6 فٹ 9 انچ ہے، عاصم جٹ کی بولنگ اسپیڈ 140 کلو میٹر ہے۔
طویل القامت فاسٹ بولر عاصم جٹ نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں بولنگ کوچ وقار یونس سمیت دیگر کھلاڑیوں کو بھی متاثر کیا تھا۔