جمعہ, دسمبر 13, 2024
اشتہار

کراچی: مذاکرات کامیاب، آباد کا شاہراہ فیصل پر دھرنا ختم کرنے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: آباد اور ایم ڈی واٹر بورڈ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد آباد نے شاہراہ فیصل پر واٹر بورڈ دفتر کے باہر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین آباد نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی واٹر بورڈ نے فوری طور پر تین این او سیز جاری کردئیے ہیں، ایم ڈی واٹر بورڈ نے ایک ہفتے میں مزید این او سیز کی یقین دہانی کرائی ہے۔

شاہراہ فیصل پر احتجاج

قبل ازیں آباد اور واٹربورڈ کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے پر مظاہرین کا شاہراہ فیصل پر احتجاج جاری ہے جس کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے، آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کو اقدامات کرنے کا حکم دے دیا۔

- Advertisement -

 آباد اور واٹر بورڈ کے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد آباد کے مظاہرین نے شاہراہ فیصل کا ایک ٹریک بند کردیا جس کے سبب شاہراہ فیصل اور اس کے اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔

احتجاج کے باعث ایمبولینسز بھی پھنس گئیں، دفاتر سے واپس آنے والے شہری بھی شاہراہ فیصل بند ہونے پر رل گئے جبکہ مزار قائد کے اطراف، یونیورسٹی روڈ، جیل روڈ، لیاقت آباد پر شدید ٹریفک جام ہے۔

حسن اسکوائر پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کے باعث ٹریفک کا شدید دباؤ ہے، میراں ناکہ پر پانی و بجلی کی عدم فراہمی پر مکینوں کا احتجاج جاری ہے اور روڈ بلاک کردیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک

ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق ایئرپورٹ سے آنے والے ٹریک پر واٹر بورڈ دفتر کے باہر احتجاج ہورہا ہے، ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف موڑا جارہا ہے، یونیورسٹی روڈ، شاہراہ قائدین اور دیگر علاقوں میں عملہ موجود ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ روڈ بلاک ہونے پر ٹریفک کے دباؤ کو کنٹرول کرنا ہمارا کام ہے، امید ہے جلد ٹریفک کی روانی دوبارہ بحال ہوجائے گی۔

آئی جی سندھ کا نوٹس

آئی جی سندھ کلیم امام نے شاہراہ فیصل اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک جام کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کو فوری طور پر اقدامات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

آئی جی سندھ کلیم امام نے کہا ہے کہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں، متعلقہ تھانے بھی ٹریفک پولیس کے ساتھ مشترکہ اقدامات کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں