کراچی: سرجانی پولیس نے اپنے ہی تھانے کی چھت پر تاوان کے انتظار میں بیٹھے پولیس افسر کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک مغوی شہری سرجانی تھانے کی چھت پر سے برآمد ہوا ہے، آپریشن پولیس اس بات سے بے خبر تھی کہ تھانے کی چھت پر کوئی مغوی موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق سرجانی پولیس پولیس نے اپنے ہی تھانے کی چھت پر چھاپا مار کر ایک شہری اسد کے اغوا برائے تاوان میں ملوث پولیس افسر سمیت 4 ملزمان گرفتار کر لیا ہے۔
انکشاف ہوا کہ سب انسپکٹر افضل اور دیگر نے شہری کو غیر قانونی حراست میں رکھا ہوا تھا، انھوں نے مغوی شہری کی والدہ سے فون پر ایک لاکھ روپے منگوائے تھے، لیکن خاتون جب بیٹے کی رہائی کے لیے تھانے پہنچی تو کسی کو علم نہیں تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون تھانے میں تھی جب اسی دوران نامعلوم شخص کا دوبارہ پیسوں کی طلبی کے لیے فون آیا، ایک پولیس اہل کار نے رکشہ ڈرائیور بن کر پیسے طلب کر نے والے شخص سے بات کی۔
پولیس اہل کار اس وقت حیران رہ گیا جب اغوا کار نے اسے سرجانی تھانے کی چھت پر ہی پیسے دینے کے لیے بلایا، پولیس اہل کار جیسے ہی اوپر پہنچے، تو نوجوان ایک کمرے میں غیر قانونی حراست میں پڑا ہوا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق کمرے میں موجود سب انسپکٹر افضل سمیت 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، اور اس معاملے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہے۔