اسلام آباد: مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ ملک میں موجود چینی کے وافر ذخائر سے قیمتوں میں استحکام کویقینی بنایاجارہاہے۔
تفصیلات کے مطابق مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد کی زیرصدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں موجود چینی کے ذخائر اور موجودہ قیمت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں شوگر ملز مالکان کے شرح منافع پر بھی بات کی گئی جبکہ چینی ملز سے ریٹیلر تک پہنچنے کے تمام مراحل اور قیمتوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
شوگر ایڈوائزری بورڈ اور مشیر تجارت نے چین سےخام چینی پراسیس کر کے برآمدکرنےکے معاملے پر بھی بات چیت کی۔
مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ عوام کومناسب داموں چینی کی دستیابی ہماری ترجیح ہے، کسانوں کو مکمل ادائیگی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں موجود چینی کے وافر ذخائز سے قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنایا جائے گا۔