کراچی : عبد الستار ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایدھی سروس آج بھی چلتی رہے گی اور ان کے والد کی تدفین کے موقع پر سڑکیں بند نہ کی جائیں اور نہ ہی پروٹوکول دیا جا ئے ۔
تفصیلات کے مطابق عبدالستارایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ والد صاحب کے جسد خا کی کو پروٹوکول نہ دیا جائے نہ ہی میت لے جانے والے راستے بند کیے جائیں۔
فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایدھی کی سروس آج بھی چلتی رہے گی۔
فیصل ایدھی نے ایدھی ایمبولینسز کے اہلکاروں کو نماز جنازہ میں شرکت سے روک دیا ہے اور عملے پر واضح کیا ہے کہ تمام عملہ اپنے کام میں لگا رہے۔
انھوں نے کہا کہ ایمبولینس سروس ایک منٹ کے لئے بھی نہیں رکے گی، جو جہاں ہے وہیں رہے، نماز جنازہ یا تدفین میں آنے کی زحمت نہ کرے، فیصل ایدھی نے واضح کیا ہے کہ فلاحی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
فیصل ایدھی نے بتایا کہ سفری دستاویزات کا مسئلہ ہونے کے باعث قطب ایدھی والد کے جنازہ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔