سکھر : وزیرمملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے سندھ کا جو حشر کیا پنجاب اور دیگر صوبے اس کو کبھی ووٹ نہیں دیں گے، عمران خان ریلو کٹا ہے سیاسی میدان سے باہر کردیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیرمملکت پانی و بجلی عابد شیرعلی نے کہا کہ بجلی بجلی چوری میں جو بھی ملوث ہوا اس کیخلاف بھرپور کارروائی کریں گے.
سکھر کے تحصیلدار پیرجو گوٹھ کے اور ڈہرکی کے پیر کروڑوں کی بجلی چوری کرچکے ہیں۔ عابدشیرعلی نے کہا کہ بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے احکامات دے دیئے ہیں گھوٹکی کے ایس ایچ اوز چوری کی بجلی استعمال کرتے ہیں، کنکشن منقطع کرنے کے احکامات جاری کردیئے.
ایم کیوایم والے بھی بجلی چوری میں ملوث ہیں، ایم کیوایم کے سکھر کے دفاتر پرلاکھوں کے واجبات پربجلی منطقع کی گئی، چوروں اور ڈاکوؤں کو بجلی چوری کرنے نہیں دوں گا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ منظور وسان اچھے خواب دیکھیں، عوام کو لوٹنے والے خواب دیکھنا بند کردیں کیونکہ پیپلزپارٹی نے سندھ کے ساتھ جو حشر کیا ہے اسے دیکھ کر پنجاب اور دیگر صوبے پیپلز پارٹی کو کبھی ووٹ نہیں دیں گے.
عابد شیرعلی نے صحافیوں کو بتایا کہ آج سکھر آتے ہوئے پورا جہاز پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سے بھرا ہوا تھا، جہاز میں ایک ریلو کٹا بھی موجود تھا،جس کی وجہ سے سفر کا مزا نہیں آیا، ریلو کٹے کی وجہ سے میں جہاز سے چھلانگ نہیں لگا سکتا تھا.
یاد رہے کہ آج صبح پی آئی اے کی خصوصی پرواز میں عابد شیرعلی،منظور وٹو اور علیم خان ایک ساتھ بیٹھے تھے۔