لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت میں لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پیمرا ابصار عالم کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حکومت کو شفاف اور قانونی طریقہ کار کے مطابق نئے چیئرمین پیمرا کی تعیناتی کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ابصار عالم کی تعیناتی کے خلاف ایڈووکیٹ اظہر صدیقی کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین کی تعیناتی کے وقت پیمرا آرڈیننس 2002 کی خلاف ورزی کی گئی اور سیاسی بنیادوں پر ابصار عالم کی تقرری کی گئی۔
ہائیکورٹ میں درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت چیئرمین پیمرا ابصار عالم کو نواز رہی ہے۔ ابصار عالم کو صدر اور وزیر اعظم سے زیادہ تنخواہ دی جا رہی ہے، ان کو ملنے والی 15 لاکھ روپے تنخواہ اور لاکھوں روپے کی مراعات قوانین اور قواعد وضوابط کے خلاف ہیں۔
درخواست گزار کی جانب سے مزید کہا گیا کہ چییرمین پیمرا کے عہدے پر ابصار عالم کو نوازنے کے لیے ماسٹرز کے بجائے تعلیمی قابلیت کو گریجویشن کردیا گیا جو قوانین اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزی ہے، لہٰذا ان کی تعیناتی کالعدم قرار دی جائے۔
جسٹس شاہد کریم نے چند روز قبل محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ چیئرمین پیمرا کو میرٹ سے ہٹ کر تعینات کیا گیا۔ چیئرمین پیمرا کی تعیناتی شفاف طریقے سے نہیں ہوئی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ چیئرمین کی تعیناتی سپریم کورٹ کے فیصلوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔ حکومت فوری طور پر میرٹ اور قوانین کے مطابق نئی تعیناتی کرے۔
عدالت نے چیئرمین پیمرا کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی کالعدم قرار دیا ہے۔
اس سے قبل پیمرا کے وکیل علی گیلانی ابصار عالم کی تعیناتی کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے عدالت سے متعدد پیشیوں پر مہلت طلب کرتے رہے۔ عدالت نے پیمرا کے وکیل کو ریکارڈ پیش کرنے کے حوالے سے مزید مہلت کی درخواست مسترد کر دی تھیں۔
عدالت کے روبرو ڈیڑھ سال کیس زیر سماعت رہنے کے باوجود چیئرمین پیمرا کی تقرری کا ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا تھا جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔
پیمرا کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ابصار عالم کے پاس مختلف میڈیا چینلز میں کام کرنے کا وسیع تجربہ ہے اس لیے انہیں تعینات کیا گیا۔
ابصار عالم نے عہدہ چھوڑ دیا
لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے اپنا عہدہ چھوڑ دیا۔
پیمرا کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عدالت کے فیصلے کے بعد ابصار عالم سبکدوش ہوگئے ہیں۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔