اسلام آباد : سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وارنٹ گرفتاری کی خلاف احتساب عدالت میں درخواست دائر کردی
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنے وارنٹ گرفتار ی کی خلاف احتساب عدالت میں درخواست دائر کردی ہے، ان کے وکیل نے آج عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار سرنڈر کرنے کے لئے تیار ہیں، وطن واپسی پر انہیں گرفتار نہ کیا جائے ۔
لیگی رہنما نے اپنے وکیل کے ذریعے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی، درخواست میں اسحاق ڈار نے نیب کے وارنٹ گرفتار ی واپس لینے کی استدعا بھی کی جس پر عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 23ستمبر تک کیلئے ملتوی کر دی ۔
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار نے اشتہاری قرار دینے کیخلاف درخواست واپس لے لی
یاد رہے کہ اثاثہ جات ریفرنس میں مسلسل غیر حاضری پر عدالت نے اسحاق ڈار کو اشتہاری اور مفرور قرار دیا تھا، اسحاق ڈار نے عدالتی فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
ادھر ایوان بالا میں بھی ان کی رکنیت معطل ہے، اسحٰق ڈار 3 مارچ 2018 کو ہونے والے سینیٹ الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیاب ہوئے تھے، تاہم انہوں نے اب تک حلف نہیں اٹھایا۔