ابوظبی : زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کے پیٹ سے لاکھوں مالیت درہم کی منشیات برآمد کرلی گئی۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق ابوظبی کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پورٹس نے گزشتہ روز زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔
متعلقہ حکام نے ایک مسافر کے پیٹ سے کوکین کے 89 کیپسولز برآمد کیے گئے جن میں تقریباً 1 ہزار 198 گرام کوکین موجود تھی، اس کوکین کی مارکیٹ ویلیو تقریباً 50 لاکھ درہم لگائی گئی ہے۔
کسٹمز افسران کو ایک مسافر پر شک ہوا جو جنوبی امریکہ کے کسی ملک سے آیا تھا۔ اسے جدید اسکریننگ ٹیکنالوجی کے ذریعے پیٹ کا چیک اپ کیا گیا، جس سے اس کے جسم میں غیرقانونی اشیاء کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔
بعد ازاں اسے متعلقہ حکام کے حوالے کیا گیا، جنہوں نے طبی طریقے سے اس کے پیٹ سے 89 کیپسولز نکال لیے۔
ابوظبی کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پورٹس نے کسٹمز افسران کی مستعدی اور قابلیت کی تعریف کی اور یقین دہانی کرائی کہ منشیات کے خطرات سے معاشرے کو بچانے کے لیے معائنے کے نظام کو مزید ترقی دی جائے گی۔