ابوظبی : موسم کی خراب صورتحال اور حادثات کے پیش نظرابوظبی پولیس حکام نے شہریوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ڈرائیور حضرات اپنی گاڑیوں کی رفتار80کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ نہ کریں۔
تفصیلات کے مطابق ابوظبی پولیس نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ ابوظبی۔ دبئی روڈ، ابوظبی۔ العین روڈ اور العین۔ دبئی روڈ پر انتہائی رفتار کم کرکے 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کردی گئی ہے۔
اس فیصلے پر عمل درآمد بھی شروع کردیا گیا ہے لہٰذا شہری قوانین پر عمل درآمد کرتے ہوئے مقررہ حد سے گاڑی کی رفتار نہ بڑھائیں بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ابوظبی پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عوام کو مطلع کیا کہ انتہائی رفتار80 کلو میٹر فی گھنٹہ کم کرنے کی وجہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہیں۔
بارش کے موسم اور مطلع ابر آلود ہونے کی صورت میں ڈرائیوروں کی سالمیت کا تقاضا ہے کہ وہ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے زیادہ گاڑی نہ چلائیں۔
اس کے علاوہ پولیس کی جانب سے یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ ہر ڈرائیور دوسری گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھ کر چلے۔ خصوصی طور پر خراب موسمی حالات میں اس بات کا لحاظ بہت زیادہ کیا جائے۔
پولیس کے مطابق حالیہ دنوں میں بیشتر حادثات گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ نہ ہونے کی وجہ سے بھی پیش آئے ہیں۔