ہفتہ, نومبر 9, 2024
اشتہار

میگا منی لانڈرنگ ریفرنس، آصف زرداری اور فریال تالپور پر فردِ جرم عائد

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : احتساب عدالت نے میگامنی لانڈرنگ ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور پر فردِ جرم عائد کردی ، تاہم دونوں نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹ اسکینڈل، میگا منی لانڈرنگ،پارک لین ، ٹھٹھہ واٹر سپلائی ضمنی ریفرنسزاورپنک ریزیڈنسی ریفرنس کی سماعت ہوئی، احتساب عدالت کےجج اعظم خان نے کیسز کی سماعت کی۔

سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور عدالت میں پیش ہوئے، آصف علی زرداری کے ہمراہ آصفہ بھی موجود تھیں۔

- Advertisement -

سماعت میں میگامنی لانڈرنگ ریفرنس میں آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر پرفردجرم عائد کی گئی تاہم آصف زرداری اور فریال تالپور نے صحت جرم سے انکار کردیا، عدالت کی جانب سے آصف زرداری اور فریال تالپور کو چارج شیٹ پڑھنے کیلئے دی گئی۔

عدالت کی جانب سے تمام ملزمان کو چارج شیٹ فراہم کردی گئی جبکہ گرفتار ملزمان کے وکلا کو چارج شیٹ کی کاپی دی گئی، جج اعظم خان نے کہا حاضری کیلئے دستخط کیساتھ الزامات کی فرد جرم بھی دے دیں۔

پارک لین ریفرنس اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس : آصف زرداری پر فرد جرم مؤخر


دوسری جانب پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری پر فردجرم مؤخر کردی گئی ، عدالت نے کہا جب تک سارے ملزمان حاضر نہ ہو ں فرد جرم عائدنہیں ہو سکتی ، ملزمان شیر علی کی عدم حاضری پر فرد جرم عائد نہیں ہو سکی۔

وکیل نے بتایا کہ ملزم شیر علی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست آئی ہے ، انکے وکیل بھی ہائیکورٹ میں مصروفیات کے باعث پیش نہ ہوئے،ایک ملزم نہیں آیا تو دیگر پر بھی فرد جرم عائد نہیں ہو سکتی، جس پر سردارمظفرعباسی نے کہا جو ملزم پیش نہیں ہوا،ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیےجائیں

بعد ازاں احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں فرد جرم کی کارروائی 5 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

یاد رہے احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی تین کرپشن ریفرنسز خارج کرکے بری کرنے کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے زرداری پر تینوں کرپشن ریفرنسز پارک لین، میگا منی لانڈرنگ اور ہریش اینڈ کمپنی ریفرنسز میں فرد جرم عائد کرنے کا حکم دیا تھا۔

خیال رہے پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری سمیت 25 شیئر ہولڈرز تھے، نیب نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کمپنی نے 2008 میں جعلی فرنٹ کمپنی پارتھینون کے نام پر نیشنل بینک سے ڈیڑھ، ڈیڑھ ارب روپے کے دو بار قرض لئے جسے بعد میں واپس نہیں کیا گیا اور قومی خزانے کو 3 ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کے علاوہ دیگر افراد پر جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے بیرون ملک منتقل کرنے کا الزام ہے۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں