کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار 2 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق شہر قائد میں ایک بار پھر تیز رفتار ڈمپر نے دو زندگیاں نگل لیں، نارتھ کراچی پاور ہاؤس کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو روند ڈالا۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار دونوں نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گئے حادثے کے فوری بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جب کہ مشتعل اہل علاقہ نے ڈمپر کو آگ لگا دی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ڈمپر کو لگی آگ بجھانے کی کوشش کی جب کہ پولیس نے مشتعل افراد کو منتشر کیا۔
آخری اطلاعات تک حادثے میں جاں بحق نوجوانوں کی شناخت نہیں ہوسکی تھی۔
واضح رہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور حادثے کے بعد ذمے داروں کے خلاف موثر کارروائی نہ ہونے کے باعث کراچی میں ایسے جان لیوا حادثات معمول بن چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں دندناتے ٹرالر، ڈمپر موت بانٹنے لگے
رواں سال شہر قائد میں 150 سے زائد افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، چند ماہ قبل بھی تیز رفتار ڈمپرز اور ٹرالرز نے ایک ہی دن میں 6 افراد کو موت کی نیند سلا دیا تھا۔