تازہ ترین

اسلام آباد : ریڈ بک کا انتہائی مطلوب اشتہاری اسمگلر گرفتار

اسلام آباد : ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور کے عملے نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ریڈ بک کے انتہائی مطلوب اشتہاری اسمگلر کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا۔

اس حوالے سے ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم میاں اعجاز حسین نے بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر سادہ لوح لوگوں سے لاکھوں روپے بٹور لیے۔

ذرائع نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور کی ہدایت پر انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور کی چھاپہ مار ٹیم نے مطلوب ملزم میاں اعجاز حسین کو چھاپہ مار کر حراست میں لیا۔

ایف آئی اے کی ٹیم میں انسپکٹر رائے عالم شیر، ہارون رشید صدیقی اور کانسٹیبلوں میں محمد سعید، اسفند ثاقب، محمد اعزاز نے کارروائی کرتے ہوئے طویل عرصے سے روپوش انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر اور اشتہاری ملزم (ایف آئی اے ریڈ بک سیریل نمبر 8) میاں اعجاز حسین ولد میاں امیر سلطان سکنہ ضلع چنیوٹ حال مقیم اسلام آباد کو گرفتار کیا۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور میں امیگریشن آرڈیننس 1979 کے تحت 7 مقدمات درج تھے۔ ملزم کے خلاف سال 2017 میں مقدمات درج ہوئے تھے۔

اشتہاری ملزم میاں اعجاز حسین کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا، ملزم نے متعدد متاثرین کو ملازمت کے غرض سے بیرون ممالک ملائیشیا بھجوانے کا جھانسہ دیکر لاکھوں روپے بٹورے۔ ملزم گزشتہ 7 سال سے روپوش تھا مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

Comments

- Advertisement -
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں