فیصل آباد: دو پڑوسی بہنوں پر تیزاب پھینکنے کے ملزم علیم کو اس کی بہن صفیہ سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ایک ملزم علیم نے پڑوسی لڑکی کا رشتہ نہ ملنے پر اس پر تیزاب پھینک دیا تھا، جس سے وہ اور اس کی بہن شدید زخمی ہو گئی، پولیس نے فرار ملزم کو گزشتہ رات گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فیصل آباد کے علاقے کوٹ عمرفاروق میں تیزاب گردی سے 2 بہنوں کے جھلس کر زخمی ہونے کا واقعہ پیش آیا تھا، ملزم علیم ایک لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن انکار پر مشتعل ہوگیا۔
پولیس کے مطابق 15 سالہ لڑکی 13 سالہ بہن کے ساتھ پڑوسی کےگھرگئی تھی، ملزم نے اپنی بہن کے ذریعے قرآن خوانی کے بہانے لڑکی کو گھر بلوایا تھا، اور پھر اس پر تیزاب پھینک دیا، جس سے ایک لڑکی کا چہرہ اور دوسری کی کمر جھلس گئی، ملزم واردات کر کے فرار ہو گیا تھا۔
سگے بھائیوں نے بہن کی آنکھوں میں تیزاب ڈال دیا
واقعے کے بعد متاثرہ لڑکیوں کے بہنوئی حبیب کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیاگیا تھا، تھانہ صدر میں درج مقدمے میں علیم اور اس کی بہن صفیہ کو ملزم نامزد کیا گیا، مقدمے میں 2 دفعات شامل کیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد علی اور ایس ایس پی آپریشنز کاشف اسلم نے زخمی بہنوں کی عیادت کے لیے سول اسپتال کا دورہ بھی کیا، ملاقات میں انھوں نے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔
بعد ازاں، ملزم علیم کو ڈی ایس پی صدر جمشید اقبال ناصر چشتی کی سربراہی میں ایک چھاپا مار پارٹی نے گرفتار کیا۔ ادھر دونوں بہنوں کا سول اسپتال میں علاج جاری ہے۔