لاہور: لنک روڈ پر خاتون سے زیادتی کیس میں عدالت نے پولیس کو ملزم شفقت کی شناخت پریڈ کرانے کے لیے مہلت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق آج لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں گجرپورہ زیادتی کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے ملزم شفقت کی شناخت پریڈ کے لیے پولیس کو مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
عدالت نے ملزم شفقت کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی توسیع کر دی، تاہم عدالت نے تفتیشی افسر کو جلد ملزم کی شناخت پریڈ کرانے کاحکم دیا ہے، عدالت نے کہا آئندہ سماعت سے قبل ملزم شفقت کی شناخت پریڈ کو یقینی بنایاجائے۔
اس کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کی، تفتیشی افسر نے جج کے سامنے پیش ہو کر استدعا کی کہ ملزم شفقت کی شناخت پریڈ کراناممکن نہ ہو سکا، عدالت ملزم کی شناخت پریڈ کے لیے مہلت دے۔
تفتیشی افسر نے ملزم سے متعلق بتایا کہ ملزم شفقت کو دیپالپور سےگرفتار کیاگیا، ملزم کا ڈی این اے ابتدائی طور پر متاثرہ خاتون سے میچ کرگیا ہے، ملزم کی نشان دہی پر مرکزی ملزم عابد کوگرفتار کرنا باقی ہے، ملزم سے پستول اور ڈنڈا بھی برآمد کرنا باقی ہے۔
خاتون زیادتی کیس :ملزم شفقت کا 6روزہ جسمانی ریمانڈ منظور ، مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل
واضح ہے کہ 9 ستمبر کو ملزم شفقت نے عابد علی سے مل کر گجرپورہ میں خاتون سےدوران ڈکیتی زیادتی کی تھی، شفقت کو گجر پورہ زیادتی کیس میں گرفتاری دینے والے ملزم وقار الحسن کی نشان دہی پر گرفتار کیاگیا تھا، شفقت مرکزی ملزم عابد کا دوست ہے، ملزم شفقت نے خاتون سے زیادتی کا اعتراف کرتے ہوئے بیان میں کہا تھا کہ 9 ستمبر کو وہ اور عابد ڈکیتی کی غرض سے کار کے پاس گئے تھے، پہلے خاتون سے لوٹ مار کی، اور پھر زیادتی کا نشانہ بنایا۔