کراچی: پاکستان اکانومی واچ کے چیئرمین برگیڈئیر ریٹائرڈ محمد اسلم خان نے ملک بھر میں منافع خوروں کے خلاف کاروائیوں کو خوش آئند قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق محمد اسلم خان نے مطالبہ کیا ہے کہ منافع خوروں کے خلاف کارروائی میں تیزی لائی جائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام کو لوٹنے والوں کو جرمانہ نہ کیا جائے بلکہ جیل بھیجا جائے، ملک میں مہنگائی کی شدید لہر کی تمام تر ذمہ داری آڑھتی مافیا پر عائد ہوتی ہے جبکہ اس مافیا کو پروان چڑھانے میں بنیادی کردار بینکوں کا ہے۔
ان کا موقف تھا کہ ضلعوں کی انتظامیہ نے بھی انہیں فری ہینڈ دیا ہوا ہے، جس کی وجہ سے وہ عوام کو لوٹ رہے ہیں، اگر بینک انہیں قرضے دیں یا انتظامیہ شہروں میں ان کے لیے اپنی اشیاء کی فروخت کے لیے آڑھتیوں سے پاک مارکیٹیں بنائے تو کسانوں کا منافع بڑھ جائے گا جبکہ پھلوں سبزیوں وغیرہ کی قیمتیں کافی کم ہو جائیں گی۔
روپے کی قدر میں تیزی سے کمی کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرائی جائیں، افتخارعلی ملک
دوسری جانب پاک یو ایس بزنس کونسل کے بانی چیئرمین، یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین اور معروف تاجر رہنما افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ ڈالر مافیا ملکی معیشت کو بری طرح تباہ کررہا ہے اس لئے اس کے خلاف جارحانہ اور نتائج پر مبنی کریک ڈاﺅن کیا جائے۔