لندن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ برطانیہ سے قبل ٹرمپ کے مخالف برطانوی شہریوں نے انوکھا احتجاج کرتے ہوئے چھ میٹر اونچا غصے سے بھرا بے بی ٹرمپ غبارہ لندن کی فضا میں بلند کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 13 جولائی سے برطانیہ کا دورہ کریں گے، ٹرمپ کے دورے سے قبل ہی ان کے خلاف مہم شروع ہوگئی ہے، برطانوی شہریوں نے چھ میٹر اونچا بے بی ٹرمپ غبارہ لندن کی فضا میں بلند کردیا ہے۔
برطانوی شہریوں کی جانب سے بے بی ٹرمپ غبارہ بنانے کے لیے نو ہزار پاؤنڈ چندہ مانگا گیا تو دس ہزار تین سو پاؤنڈ جمع ہوگئے، غبارے کو پارلیمنٹ کی عمارت پر اُڑانے کے لیے سات ہزار لوگوں نے پٹیشن پر دستخط کیے۔
ٹرمپ مخالف برطانوی شہریوں کا کہنا تھا کہ بے بی ٹرمپ غبارہ اگر پارلیمنٹ کی عمارت پر اڑانے کی اجازت نہ ملی تو کسی دوسری جگہ کا انتخاب کیا جائے گا۔
دوسری جانب ٹرمپ کی لندن آمد کے موقع پر ٹرین ڈرائیورز نے احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ہر کسی کو آزادی اظہار رائے کا حق ہے لیکن اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی اور امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی تو کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔