اتوار, مئی 12, 2024
اشتہار

دیوین ورما: بولی وڈ‌ کے مقبول مزاحیہ اداکار کا تذکرہ

اشتہار

حیرت انگیز

دیوین ورما ہندی سنیما میں مزاحیہ اداکار کے طور اس دور میں مقبول ہوئے جب فلمیں ہیرو کی دبنگ انٹری اور آئٹم سانگ یا مار دھاڑ کی محتاج نہیں ہوتی تھیں بلکہ ان کی کام یابی کا انحصار جان دار کہانی اور شان دار اداکاری پر ہوتا تھا۔ دیوین ورما نے دہائیوں تک اپنی مزاحیہ اداکاری سے شائقین کو محظوظ کیا۔ دیوین 2 دسمبر 2014 کو 78 سال کی عمر میں چل بسے تھے۔

دیوین ورما نے اپنی مزاحیہ اداکاری سے دیکھنے والوں کو اپنا پرستار بنا لیا تھا۔ وہ فلموں میں شائشتہ کردار نبھاتے ہوئے اپنے انداز اور برجستہ جملوں سے مزاح پیدا کرتے تھے۔ دیوین ورما نے ہندی فلموں کے علاوہ مراٹھی اور بھوجپوری فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی شہرت اور مقبولیت کا سبب فلم ’انگور‘ تھی جو شیکسپیئر کے ڈرامے ’کامیڈ ی آف ایررز‘ پر بنائی گئی تھی۔ اس فلم میں دیوین ورما نے بہادر کا کردار ادا کیا تھا۔ یہ معروف نغمہ نگار اور فلم ساز گلزار کی ایک کام یاب فلم تھی۔ دیوین ورما کو اس فلم کے لیے بہترین کامیڈین کا اعزاز دیا گیا۔

’چور کے گھر کے چور‘ اور ’چوری میرا کام‘ وہ فلمیں تھیں جن میں دیوین ورما کی مزاحیہ اداکاری شائقین کو بہت بھائی اور انھیں بہترین کامیڈین کا فلم فيئر ایوارڈ بھی دیا گیا۔ دیوین ورما پونے میں سنہ 1937 میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم کے حصول کے بعد انھوں نے سیاسیات اور سماجیات میں گریجویشن کیا۔ دیوین ورما کی شادی معروف اداکار اشوک کمار کی بیٹی روپا گنگولی سے ہوئی تھی۔

- Advertisement -

اداکار دیوین ورما کی یادگار فلموں میں ’کھٹا میٹھا،‘ ’بے شرم‘، ’بھولا بھالا،‘ ’جدائی،‘ ’تھوڑی سی بے وفائی،‘ ’گول مال،‘ ’رنگ برنگیت‘ وغیرہ شامل ہیں۔

ایکٹنگ کے علاوہ دیوین ورما نے کئی فلمیں پروڈیوس بھی کیں جن میں ’دانا پانی،‘ ’بے شرم،‘ ’نادان‘ اور ’یقین‘ شامل ہیں۔ ان میں سے بعض فلموں کی ہدایات بھی انھوں نے دیں۔

دیوین ورما 1960 کی دہائی میں اداکار بننے کا خواب لے کر ممبئی گئے تھے۔ ان کے کیریئر کا آغاز 1961 میں یش چوپڑا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم "دھرم پتر” سے ہوا۔ فلم باکس آفس پر کام یاب رہی لیکن دیوین ورما شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ سال 1963 میں اس اداکار کو بی آرچوپڑا کی فلم گمراہ میں کام کرنے کا موقع ملا لیکن یہ بھی ان کی کام یابی کی بنیاد نہ بن سکی۔ اداکار کے فلمی کیریئر میں 1966 ایک اہم سال ثابت ہوا۔ اس سال دیور، بہاریں پھر بھی آئیں گی اور انوپما جیسی فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں دیوین ورما بطور اداکار مختلف انداز میں سامنے آئے اور مزاحیہ اداکار کے طور پر بولی وڈ میں‌ اپنی جگہ بنائی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں