شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ بھارت ایسے فیصلے کررہا ہے جس سے مستقبل میں ان کی نسلیں پچھتائیں گی۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاک بھارت کشیدگی پر اداکار فہد مصطفیٰ نے کہا کہ قوم نے بتا دیا ہے کہ ہم سب ایک ہیں اور پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے تحقیقات کے بغیر پاکستان پر الزام لگایا اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، میں بھارت میں موجود مسلمانوں کے لیے پریشان ہوں، پاکستان میں بھی اقلیتیں آباد ہیں اور ان کا احترام کیا جاتا ہے۔
فہد مصطفیٰ نے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریخی میں معصوم بچوں اور خواتین پر حملہ کیا۔
اداکار ہمایوں سعید نے کہا کہ بھارت کا اقدام شرمناک ہے، بے قصور شہریوں کی جانیں گئیں، پاک فوج نے کل رات جواب دیا میں سلام پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ملک اور افواج پاکستان کے لیے دعاگو ہیں، قوم متحد ہے پاکستان ہے تو ہم ہیں، ہم اپنے ملک کے دفاع کے لیے متحد ہیں، پاکستان نے جیسا جواب دیا اب بھارت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔