بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ پوجا ہیگڑے بھارتی فضائی کمپنی کے ناروا سلوک پر برس پڑیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تامل، تیلگو اور ہندی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ پوجا ہیگڑے بھارتی فضائی کمپنی ’انڈی گو‘ کے ایک اسٹاف ممبر کے ناروا سلوک پر پھٹ پڑیں۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق 31 سالہ اداکارہ نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”انڈی گو کے ایک اسٹاف ممبر کی بدتمیزی پر انتہائی افسوس ہوا، جس کا نام ویپل ناکشے تھا۔ انتہائی مغرور، جاہلانہ اور دھمکی آمیز لہجے میں اس نے ہم سے بات کی اور وہ بھی بغیر کسی وجہ کے۔
انہوں نے لکھا کہ عام طور پر میں اس طرح کے مسائل پر ٹویٹ نہیں کرتی لیکن یہ واقعہ حقیقتاً انتہائی ہتک آمیز تھا۔“
رپورٹ کے مطابق پوجا ہیگڑے کی اس ٹویٹ پر فضائی کمپنی کی طرف سے ٹوئٹر پر ہی ردعمل دیا گیا۔
Ms. Hegde, sorry to note your experience. We'd like to connect with you immediately hence, please DM us your PNR along with the contact number. ~Linda https://t.co/xcJPAifuBc
— IndiGo (@IndiGo6E) June 9, 2022
انڈی گو کے آفیشل ٹوئٹر اکاﺅنٹ سے پوجا ہیگڑے سے معذرت کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ”مس ہیگڑے! ہم اس ناخوشگوار تجربے پر معافی چاہتے ہیں، برائے مہربانی آپ اپنا پی این آر اور رابطہ نمبر ڈائریکٹ میسج میں ہمیں بھیج دیں۔‘‘
واضح رہے کہ پوجا ہیگڑے نے رواں سال کانز فلم فیسٹیول میں بھی شرکت کی تھی، وہ 18مئی کو ’ٹاپ گن میورک‘ پریمیئر میں ریڈ کارپٹ پر آئی تھیں۔