کراچی : ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناء اللہ عباسی نے کہا ہے کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ راؤانوار کو مقررہ وقت میں گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کردیں، سپریم کورٹ کے تمام احکامات کو ہمیشہ پورا کیا گیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، ثناءاللہ عباسی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ہم نے آج راؤ انوار اور انتظار قتل کیس سے متعلق سی ٹی ڈی کا اہم اجلاس منعقد کیا تھا۔
اجلاس میں حساس اداروں سمیت دیگر سے باہمی تعلقات مزید بہتر کرنے کیلئے بات ہوئی ہے، کسی بھی ایک کیس سے دیگر اداروں سے معاملات خراب نہیں ہونے چاہئے، ہماری پوری کوشش ہے کہ سپریم کورٹ کے ہر اقدام اور فیصلے کو پورا کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج تک سپریم کورٹ کا کوئی ایسا حکم نہیں ہے جسے پورا نہ کیا گیا ہو، اجلاس پر بہت سے دیگر التواء میں موجود کیسز پر بھی بات ہوئی۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کہا کہ قیاس آرائیوں پر میں فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتا، انتظار قتل کیس میرٹ پر حل ہوگا، آئی او اور ایس پی کو حکم دیا ہے کہ انتظار کیس کی تفتیش بالکل میرٹ پر کی جائے، تفتیش کا کسی بھی کیس میں اہم کردار ہوتا ہے، جے آئی ٹی ہو نہ ہو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
ایک سوال کے جواب میں ثناءاللہ عباسی کا کہنا تھا کہ راؤ انوار کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کریں گے۔