اسلام آباد : ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر خان جدون نے عمران خان کی سیکیورٹی واپس لینے کی خبروں کی سختی تردید کردی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان سے سیکیورٹی واپس لینے کی خبروں پر ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر خان جدون کا بیان سامنے آگیا۔
ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد نے عمران خان کی سیکیورٹی واپس لینے کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا سابق وزیر اعظم عمران خان سے کوئی سیکیورٹی واپس نہیں لی گئی۔
ایڈوکیٹ جنرل نے بتایا کہ عمران خان کو سابق وزیر اعظم کے پروٹوکول کے مطابق سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔
جہانگیر خان جدون نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی اور دیگر لوگ سیکیورٹی واپسی سے متعلق جعلی مہم چلا رہے ہیں ،جعلی خبریں اور پراپگینڈا کرنے کا مقصد شہباز گل اور عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس سے توجہ ہٹانا ہے۔
گذشتہ روز اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے سیکیورٹی واپس لینے کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ سابق وزیر اعظم سے سکیورٹی واپس نہیں لی، اس حوالے سے غلط تشہیر کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو مروجہ سیکیورٹی دی جا رہی ہے، جن خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے، انہیں مدِ نظر رکھتے ہوئے عمران خان کو مقررہ تعداد سے زائد سیکیورٹی مہیا کی جا رہی ہے۔