جمعہ, مئی 9, 2025
اشتہار

ایمنڈ نے عمران خان کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی مسترد کردی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : صحافتی تنظیم "ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز” (ایمنڈ) کے عہدیداران نے پیمرا کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی تقاریر، بیانات اور گفتگو نشر کرنے پر پابندی کو مسترد کردیا۔

اس حوالے سے ایمنڈ عہدیداران کے جاری اعلامیے میں کہا گہا ہے کہ پیمرا کا یہ اقدام بنیادی اور آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے، پیمرا اظہار رائے کی آزادی کا احترام کرے اور کسی بھی ضابطے کی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق اپنا کردار ادا کرے۔

ایمنڈ کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ملک کا آئین ہرشخص کو قانونی ضابطوں کے مطابق تقریر اور تحریر کی اجازت دیتا ہے، خلاف ورزی کی صورت میں ریاست اور اداروں کو کارروائی کا مکمل قانونی حق حاصل ہے۔

اعلامیے کے مطابق ٹی وی چینلزجہاں قواعد کے پابند ہیں وہاں عوام تک معلومات کی رسائی بھی ان کی ذمہ داری ہے، ٹیلی ویژن چینلز کا اپنا ادارہ جاتی مکینیزم اور مؤثر تاخیری نظام موجود ہے، کسی چینل کی جانب سے دانستہ یا نادانستہ کوتاہی برتی گئی ہو تو اس کا بھی قانون موجود ہے۔

ایمنڈ عہدیداران کا کہنا ہے کہ کسی بھی سیاسی رہنما کی تقریر یا گفتگو نشر کرنے سے روکنا خود ایک غیرقانونی عمل ہے، ایمنڈ نے ماضی میں بھی بلاتفریق اظہار رائے پر پابندی کی مخالفت اور مؤثر جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیمرا اس قسم کے غیرضروری، غیرقانونی اور اظہار رائے کے خلاف اقدامات سے گریز کرے۔

مزید پڑھیں : عمران خان کی تقاریر نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد

واضح رہے کہ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے تمام ٹی وی چینلز پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی تقاریر و بیانات دکھانے پر پابندی عائد کردی۔

تمام سیٹلائٹ چینلز کو جاری کی گئی ہدایت میں پیمرا نے کہا ہے کہ عمران خان کا بیان، گفتگو یا خطاب چینلز پر لائیو یا ریکارڈڈ نشر نہ کیا جائے۔

پیمرا کے مطابق سابق وزیر اعظم ریاستی اداروں پر حملے کر رہے ہیں جس کی وجہ سے پابندی لگائی گئی ہے، وہ اشتعال انگیر بیانات سے ریاستی اداروں اور افسران کے خلاف نفرت پھیلارہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں