کابل: افغان وزارت دفاع نے رانا ثنا اللہ کا بیان اشتعال انگیز قرار دے دیا، پاکستانی وزیر داخلہ نے پرسوں ایک بیان میں کہا تھا کہ پاکستان افغانستان کے اندر پاکستانی طالبان کو نشانہ بنانے کا حق رکھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق افغان وزارت دفاع نے کہا ہے کہ پاکستانی وزیر داخلہ کے حالیہ بیانات اشتعال انگیز ہیں، اس سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر ہوں گے۔
افغان وزارت دفاع نے پاکستانی وزیر داخلہ کے حالیہ بیان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا افغانستان میں پاکستانی طالبان کی موجودگی اور ان پر افغانستان کی سرزمین کے اندر ممکنہ حملے کے حوالے سے پاکستانی وزارت داخلہ کا حالیہ بیان اشتعال انگیز ہے۔
جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی طالبان کی موجودگی کے شواہد خود پاکستان میں موجود ہیں، پاکستانی حکام کے اس طرح کے دعوے دونوں پڑوسی اور برادر ممالک کے درمیان قائم اچھے تعلقات کو نقصان پہنچائیں گے۔
افغان وزارت دفاع نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ افہام و تفہیم اور مذاکرات کے ذریعے ہر خدشے کا ازالہ کیا جا سکتا ہے۔
اعلامیہ میں تاکید کی گئی ہے کہ افغانستان لاوارث ملک نہیں ہے، افغان عوام ہمیشہ کی طرح ملک کے زمینی سرحدوں اور اپنی خود مختاری کے تحفظ کے لیے تیار ہیں اور اپنی سرزمین کی حفاظت کا سب سے بہتر تجربہ رکھتے ہیں۔