کابل: افغان صدر اشرف غنی نے کابل میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے شہریوں پر حملے امن کے مواقع کو ضائع کردیں گے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے کابل میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، افغان دارالحکومت میں بم دھماکے کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے تھے۔
اشرف غنی نے کہا کہ دہشت گرد گروپوں نے عوام کا قتل عام بند نہ کیا توعوام ان کا احتساب کریں گے۔
واضح رہے کہ افغان عمل میں پیش رفت کے باوجود افغانستان میں بم دھماکوں کا سلسلہ جاری ہے، کابل میں ہونے والے دھماکے میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے اور 15 زخمی ہوئے۔
افغان میڈیا کا کہنا تھا کہ اسپن کلے اسکوائر کے قریب دھماکا ہواجس کے نتیجے میں تین گاڑیوں میں آگ لگ گئی، دھماکے میں نو افراد جاں بحق ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق حملے میں رکن پارلیمنٹ حاجی خان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیاتھا، خوش قسمتی سے حملے میں حاجی خان محفوظ رہے۔دھماکے میں زخمی افراد کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز بھی افغانستان کے صوبے پروان میں قائم امریکی فضائیہ کے سب سے بڑی ایئربیس پر 10 راکٹ داغے گئے تھے۔
افغانستان، امریکی فضائیہ کا سب سے بڑا اڈہ دھماکوں سے لرز اٹھا، 10 راکٹ حملے
نامعلوم افراد نے ایئربیس پر یکے بعد دیگرے 10 میزائل داغے تھے، جن میں سے 4 فوجی اڈے کے احاطے میں گرے جبکہ 6 کو ہدف پر پہنچنے سے قبل ہی ناکارہ بنا دیا گیا تھا۔