اسلام آباد: وفاقی وزرات داخلہ نے 27 مارچ تک خیبر پختونخوا میں زیر تعلیم افغان طلبہ کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کے فارن نیشنل سیکیورٹی سیل کی جانب سے سیکریٹری ہوم خیبرپختونخوا کے نام مراسلہ بھیجا گیا ہے، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم افغان طلبہ کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فارن نیشنل سیکیورٹی سیل غیر ملکیوں سے متعلق ڈیش بورڈ کو اپ ڈیٹ کر رہا ہے، اس لیے خیبر پختونخوا درکار ڈیٹا دو روز میں ارسال کرے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے غیر قانونی، غیر ملکی اور افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور ان کے انخلا میں 7 دن باقی ہیں، جب کہ پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی کل تعداد 8 لاکھ 76 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، اور واپسی کا یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔
کیا پاکستانیوں پر امریکا میں داخلے پر پابندی کا فیصلہ ہوگیا ؟ اہم خبر آگئی
حکومت پاکستان کی جانب سے 31 مارچ تک ملک چھوڑنے کا حکم جاری کیا گیا تھا، حکومت کی جانب سے اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ انخلا کے دوران کسی سے بدسلوکی نہیں کی جائے گی، حکومتِ پاکستان نے واپس جانے والوں کے لیے خواراک اور صحت کی سہولیات کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
مقررہ تاریخ گزر جانے کے بعد متعلقہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔