کابل: افغان طالبان نے امریکا کے ساتھ عارضی جنگ بندی معاہدے کے خاتمے کا اعلان کردیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے اے ایف نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان طالبان نے امریکا کے ساتھ دو روز قبل ہونے والا عارضی جنگ بندی کے خاتمے کا اعلان کردیا۔
نیوز ایجنسی کے مطابق طالبان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
طالبان ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکا کو 5 ہزار قیدیوں کی رہائی کا وعدہ پورا کرنا ہوگا ورنہ طالبان افغانستان میں کارروائیاں شروع کردیں گے۔
ترجمان طالبان نے غیرملکی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا طالبان معاہدے کے تحت طالبان کے 5 ہزار قیدی 10مارچ تک رہا ہونے ہیں۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی نےطالبان قیدیوں کی رہائی کی شرط تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے۔
مزید پڑھیں: طالبان قیدیوں کو رہا کرنے کے پابند نہیں، افغان صدر اشرف غنی کا یوٹرن
واضح رہے کہ اس سے قبل افغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ امریکا طالبان امن معاہدے کی اہم شرط سے پیچھے ہٹ گئے جبکہ طالبان کے 5 ہزار قیدیوں کی رہائی کا کوئی وعدہ نہیں کیا۔
افغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ 5 ہزار طالبان قیدیوں کی رہائی کا معاملہ انٹرا افغان مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل کیا جاسکتا ہے، افغانستان میں 7 روزہ جزوی جنگ بندی مکمل جنگ بندی کے مقصد کے حصول تک جاری رہے گی۔
اشرف غنی کا کہنا تھا کہ طالبان قیدیوں کی رہائی کا معاملہ مذاکرات کی پیشگی شرط نہیں بن سکتا، امریکا قیدیوں کی رہائی میں مدد فراہم کر رہا ہے، لیکن اس پر فیصلے کا اختیار افغان حکومت کا ہے۔