کابل: پاکستان سے افغانستان جانے والے افغان باشندوں کے لیے افغان حکومت نے طریقہ کار وضع کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق افغان حکومت کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی نے وطن واپس آنے والے مہاجرین کے لیے زمین کی تقسیم اور ان کی مستقل آباد کاری کے لیے اپنا ورک مینوئل تشکیل دے دیا۔
وزیر ہاؤسنگ و شہری ترقی شیخ حمد اللہ نعمانی کی سربراہی میں واپس لوٹنے والے مہاجرین کے لیے زمینوں کی تقسیم اور ان کی مستقل آباد کاری کے لیے کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں کام کا مینول تیار کیا گیا۔ یہ کمیٹی طالبان کے امیرالمومنین کی ہدایات کے مطابق واپس لوٹنے والے مہاجرین کے مسائل کے حل کے لیے قائم کی گئی ہے۔
کمیٹی اجلاس میں ہاؤسنگ اسکیموں کے لیے زمین کا تعین، زمین کی آباد کاری، منصوبہ بندی، مستقل رہائش گاہوں کی تعمیر، پناہ گزینوں کی آباد کاری اور رہائش کی تقسیم وہ تمام موضوعات تھے جن پر مینول کی تیاری کے دوران جامع بحث کی گئی۔
وزارت زراعت و لائیو اسٹاک، وزارت امور مہاجرین، وزارت پانی وبجلی، وزارت دیہی تعمیر نو و ترقی، واٹر سپلائی کمپنی، ادارہ تحفظ ماحولیات اور دی جنرل ڈائریکٹریٹ آف میونسپلٹیز اس کمیٹی بطور ممبر شامل ہیں۔