ملتان: صوبہ پنجاب میں ٹڈی دل کے بعد چمگادڑوں نے حملے کرنا شروع کردیے، چمگادڑوں نے آم کے باغات کو تباہ کردیا، کاشتکاروں نے حکومتی اقدامات پر سوالات اٹھادیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر ملتان کے علاقے نواب پور میں چمگادڑوں نے آم کے باغات پر حملہ کردیا، باغبان اپنی مدد آپ کے تحت چمگادڑوں کو بھگانے میں مصروف ہیں۔
کاشتکاروں نے حکومتی اقدامات پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت کو اطلاع دی کوئی بھی نہیں آیا۔
خیال رہے کہ ملک میں ٹڈیوں کا حملہ تھما نہیں تھا کہ اب چمگادڑوں نے ایک بڑا چیلنج کھڑا کردیا ہے، کسانوں کو خدشہ ہے کہ ٹڈی دل کی طرح چمگاڈروں کے وار بھی ملک بھر میں پھیل سکتے ہیں۔
ٹڈی دل کی ملین، بلین نہیں بلکہ ٹریلین میں پیداوار بڑھتی جارہی ہے، فخر امام
ملتان میں باغات پر چمگادڑوں کا حملہ اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں وفاقی وزیر غذائی تحیق وتحفظ فخر امام نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں ٹڈی دل سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹڈی دل کے نقصانات کی رپورٹس ابھی موصول نہیں ہوئی، صوبائی حکومتوں سے ٹڈی دل سے نقصانات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
ملک بھر میں ٹڈی دل کے وار، تازہ صورت حال سامنے آگئی
فخر امام کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل کا مسئلہ تقریباً گزشتہ سال اپریل سے جاری ہے، ٹڈی دل 90 میل فی دن کے حساب سے سفرکرتا ہے، ٹڈی دل کی ملین، بلین نہیں بلکہ ٹریلین میں پیداوار بڑھتی جا رہی ہے۔