پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار آغا علی نے اہلیہ اداکارہ حنا الطاف سے علیحدگی کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی ہے۔
آغا علی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آج کل لوگ ایسی ہی خبروں کا انتظار کر رہے ہیں کہ شوبز کی کون سی جوڑی کب ایک دوسرے سے علیحدہ ہوگی۔
اداکار نے کہا کہ یہ بات مجھے بہت پریشان کرتی ہے، اگر کوئی آپ کو ایک ساتھ نظر نہیں آ رہا تو آپ دعا کریں کہ وہ ساتھ ہی ہوں۔
View this post on Instagram
خیال رہے کہ آغا علی اور حنا الطاف سال 2020 میں رشرہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ کورونا لاک ڈاؤن کے باعث سادہ سی تقریب میں صرف دونوں کے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی تھی۔
حنا الطاف نے شادی کی تصاویر انسٹا گرام پر پوسٹ کرتے ہوئے مداحوں کو اس کی اطلاع دی تھی۔ اداکارہ نے لکھا تھا کہ ابتدا میں ایک دوسرے سے نفرت کے بعد ہم دوست بنے اور اب زندگی بھر کے ساتھی بن گئے، میں نے اپنی زندگی میں علی سے زیادہ وفادار اور خیال رکھنے والا انسان نہیں دیکھا۔
View this post on Instagram
حنا الطاف کا کہنا تھا کہ آج ہم نے ایک دوسرے سے وعدہ کیا ہے کہ ہمارا ایک دوسرے سے تعلق خوشی، ہنسی، ایمانداری اور بھروسے کا ہے۔
دوسری جانب آغا علی نے بھی لکھا تھا کہ ہم نے کچھ سال قبل ایک ٹی وی شو کی میزبانی کی تھی اور اس وقت ہم ایک دوسرے سے نفرت کرتے تھے، اس کے بعد کئی سال بعد ہم دوبارہ ملے اور دوست بن گئے اور اس کے بعد اب ایک دوسرے کی زندگی کا حصہ بن گئے ہیں۔